اسلام آباد: (سچ خبریں) 8فروری کے عام انتخابات کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز) ، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 36 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے ، پنجاب کے 41 اضلاع میں سے 40 کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد خالد منظور کو ڈی آر او تونسہ تعینات کیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے 30اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز ہوں گے، دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے 36 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ڈی آر اوز تعینات کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز ڈی آر او اسلام آباد تعینات کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنرز کا تبادلہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے دونوں صوبائی الیکشن کمشنرز کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ کو الیکشن کمشنر سندھ تعینات کیا گیا ہے۔
الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان صوبائی الیکشن کمشنربلوچستان ہوں گے۔