اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فرازنے چینی بحران میں حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں ہر سطح پر مافیاز ہیں لیکن چینی بحران کے ذمہ دار ہم ہیں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمت اور اس کی عدم دستیابی نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس ملک میں ہر سطح پر مافیاز ہیں لیکن چینی بحران کے ذمہ دار ہم ہیں، ہماری حکومت کے لیے صرف مہنگائی چیلنج ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی اہل نہیں ہے۔ پی ڈی ایم کا آغاز بھی رسوائی ہے اور انجام بھی رسوائی ہی ہے۔ واضح رہے کہ واضح رہے کہ چینی کی بڑھتی ہوئی قیمت اور اس کی عدم دستیابی نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔ گذشتہ رات ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں ایک ہی روز میں 25 روپے کی بڑی کمی کی گئی۔
حکومت کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر شروع کیے گئے کریک ڈاون کے بعد مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں کے حوالے سے صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی۔کراچی کی ریٹیل مارکیٹ میں ایک ہی دن میں چینی کی قیمت میں 25 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی کلو قیمت 150 روپے کی سطح سے کم ہو کر 125 روپے پر آ گئی۔
ریٹیل مارکیٹ کے علاوہ ہول سیل مارکیٹ میں بھی 3 دن کے دوران چینی کی قیمت میں 23 روپے کی کمی ہوئی، جس سے فی کلو چینی کی قیمت 117 روپے کی سطح پر آ گئی۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ریٹیل اور ہول سیل دونوں مارکیٹس میں چینی کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔ جبکہ دوسری جانب گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔