اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کے ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کے اعدادو شمار میں کہا گیا کہ ستمبر2021 میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ 2.12 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جس سے ستمبر2020 کے مقابلے میں ستمبر2021 میں مہنگائی کی شرح 8.98 فیصد ہوگئی ہے۔
جولائی سے ستمبر تک مہنگائی کی شرح 8.58 فیصد رہی، ستمبر میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 9.13 فیصد اور دیہاتوں میں مہنگائی کی شرح 8.77 فیصد رہی۔
ستمبر میں شہروں میں مہنگائی میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔ دیہاتوں میں 2.29 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ماہ میں شہروں میں چکن 42 فیصد، پیاز 32، دال مسور15.70 فیصد مہنگی ہوئی، انڈے 14.43 فیصد، آٹا 9.69، گندم 7.31 فیصد مہنگی ہوئی، چنے 6 فیصد، دال چنا 4.33، سبزیاں 4 اور چینی 3 فیصد مہنگی ہوئی، ٹماٹر 18.90 فیصد، دال مونگ 4 اور آلو 2.62 فیصد سستے ہوئے۔
ایک سال میں چکن 44.63 فیصد، خوردنی تیل 40، انڈے 35 اور چینی 15.26 فیصد مہنگی ہوئی، ایک سال میں آٹا 19.32 فیصد، دالیں 18 سے 12 فیصد اور پیاز 14 فیصد مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات نے اپنے اعدادوشمار میں بتایا کہ ایل پی جی 54 فیصد، بجلی 22.36، موٹر فیول 17.55 فیصد مہنگا ہوا،آلو 26 فیصد، ٹماٹر اور دال مونگ 23 اور سبزیاں 14 فیصد سستی ہوئیں۔ مزید برآں ادارہ شماریات پاکستان نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مصنوعی مہنگائی کے حوالے سے اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ہے، پنجاب حکومت سے گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کی گئی رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 20کلو آٹے کا تھیلا 16.3فیصد، آلو اور پیاز26 سے 36 فیصد، دال مونگ 35فیصد، گھی4.5 فیصد، دال ماش6.7 فیصد، دال مسور5 فیصد، دال چنا18.2فیصد، ٹماٹر18.2فیصد اور اسی طرح دیگر اشیاء بھی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کی جارہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ رپورٹ میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔