اسلام آباد (سچ خبریں) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کے مطابق زلفی بخاری کے دورہ اسرائل کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، ایسی تمام رپورٹس بے بنیاد ہیں سابق معاون خصوصی زلفی بخاری اسرائیل کے دورے پر نہیں گئے- زلفی بخاری بھی اس رپورٹ کو مسترد کر چکے ہیں، ان کی جانب سے دو ٹوک بیان جاری کیا گیا ہے-
انہوں نے کہا کہ 18 دسمبر 2020 کو بھی دفتر خارجہ سے ایسی خبروں کی تردیدی کی تھی- انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی- واضح رہے کہ اسرائیلی جریدے ” ہیوم“ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے سابق مشیر زلفی بخاری نے نومبر2020 میں اسرائیل کا مختصر دورہ کیا تھا اور وزارت خارجہ کی سنیئراہلکار سے ملاقات بھی کی تھی.
اسرائیلی جریدے کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری اپنے برطانوی پاسپورٹ کو استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد سے براستہ لندن اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ پہنچے تھے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد انہیں سرکاری گاڑی کے ذریعے تل ابیب لے جایا گیا جہاں ان کی اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار سے انہوں نے ملاقات کی. برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی جریدے کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام وزارت خارجہ کے اہلکار کو دیا تھا جبکہ اسرائیلی انٹیلی جنس کے سابق سربراہ یوسی کوہن کو آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا پیغام دیا تھا جریدے نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کے شدید دباﺅ کے بعد کی گئی تاہم سابق مشیر زلفی بخاری نے اس خبر کی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اسرائیل نہیں گیا تھا.
اسرائیلی جریدے کا کہنا ہے کہ یہ معلومات پاکستان اور اسرائیلی افواج کی امریکہ اور یوکرائن کے زیر سایہ بحر اسود میں ہونے والی بحری مشقوں کے تناظر میں جاری کی گئی ہیں پاک بحریہ ان مشقوں میں بطور مبصر حصہ لے رہی ہے. ان مشقوں میں پاکستان کے علاوہ مسلمان ممالک میں سے مصر، متحدہ عرب امارات، مراکش، تیونس اور ترکی حصہ لے رہے ہیں گذشتہ سال دسمبر میں اسی اخبار نے کسی ملک یا شخصیت کا نام لیے بغیر یہ خبر دی تھی کہ ایک بڑے مسلمان ملک کے رہنما کے سینیئر مشیر نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا اور حکام سے بات چیت کی تھی.
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے معاون خصوصی زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل سے متعلق وضاحت مانگ لی ہے، حکومت زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کے حقائق عوام کے سامنے لائے،جہاز نے یہاں آکر زلفی بخاری کو نہیں اٹھایا تو کس کو اٹھایا؟اگر کسی اور ملک سے جہاز اسرائیل گیا تب بھی بتایا جائے۔