خیبر پختونخواہ (سچ خبریں) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دیواگر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی رپورٹ پر کارروائی کی اسی دوران خیبرپختونخوا (کے پی) کے قبائلی ضلعے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا رکن ہلاک ہوگیا
بیان میں کہا گیا کہ ‘فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دیواگر سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد زاہد الدین مارا گیا’۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘دہشت گرد زاہدالدین دیواگر اور خارسین کے علاقوں میں ٹی ٹی پی کا متحرک رکن تھا’۔
ہلاک دہشت گرد کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ‘وہ ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں، بھتہ اور دھماکا خیز مواد نصب کرنے میں ملوث تھا’۔
یاد رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 7 مارچ کو بھی قبائلی اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو الگ الگ کارروائیاوں کی تھیں جس کے دوران کمانڈروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل اور جنوبی وزیرستان کے علاقے زوئڈا میں کارروائیاں کیں۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) بسم اللہ گروپ کا کمانڈر عبدالآدم زیب عرف ڈنگ، ٹی ٹی پی سجنا گروپ کا کمانڈر مولوی محبوب عرف ملوی اور میر سلام عرف انس بھی شامل تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے 6 مارچ کو شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈرز سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقوں بویا اور دوسلی میں دو الگ الگ آپریشنز کیے جہاں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 کمانڈروں سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر عبدالانیر عرف عادل کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے طوفان گروپ، کمانڈر جنید عرف جامد کا تعلق ٹی ٹی پی طارق گروپ اور خالق شادین عرف ریحان کا تعلق ٹی ٹی پی صادق نور گروپ سے تھا۔
26 فروری کو جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب دہشت گرد نورستان عرف حسن بابا مارا گیا تھا۔
ہلاک ہونے والا دہشت گرد آئی ای ڈی کا ماہر اور ماسٹر ٹرینر تھا جو سال 2007 سے اب تک 50 سے زائد جوانوں کی شہادت میں ملوث تھا۔
قبل ازیں 23 فروری کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں این جی او سے منسلک 4 خواتین کے قتل میں ملوث دہشت گرد حسن عرف سجنا ہلاک ہوگیا۔
حسن عرف سجنا سیکیورٹی فورسز اور پرامن شہریوں کے خلاف ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشت گردوں کی بھرتی کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔