پشاور: (سچ خبریں) صوبہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، نئی صوبائی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نئی خیبرپختونخوا اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کا اغاز سپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا، جہاں اسمبلی میں شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے لیے دعا بھی کی گئی، جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا، سپیکر مشتاق غنی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔
بتایا جارہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کا پہلا اجلاس تاخیر کا شکار ہوا، اسمبلی میں انتہائی رش کے باعث ممبران کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسمبلی ہال میں 300 وزٹرز کی گنجائش ہے، 1800 سے زائد وزٹرز کو کارڈ جاری کیے گئے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے اسمبلی ہال میں داخل ہونے کے لیے دھکم پیل کی گئی، اسمبلی میں نو منتخب ممبران کی آمد کے لیے گھنٹیاں بھی بجائی گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نو منتخب ثوبیہ شاہد اسمبلی ہال پہنچی اور وہ گھڑی اٹھا کر اسمبلی فلور پر کھڑی ہوگئی، جس پر پی ٹی آئی کارکنوں نے ثوبیہ شاہد کے خلاف نعرہ بازی کی، پی ٹی آئی کارکنوں نے ثوبیہ شاہد پر کاغذ اورلوٹا پھینک دیا، ثوبیہ شاہد نے لوٹا بھی اٹھاکر گھڑی کے ساتھ لہرا دیا، ثوبیہ شاہد نے لوٹا وزیر اعلیٰ کی کرسی پر رکھ دیا، اسمبلی اسٹاف نے وزیراعلیٰ کی کرسی سے لوٹا ہٹا کر ثوبیہ شاہد کو منع کردیا، جس کے بعد ثوبیہ شاہد اپنی نشست پر براجمان ہوگئیں، خیبرپختونخوا اسمبلی میں کارکنوں کی جانب سے شور شرابا اور نعرے بازی بھی جاری رہی، جس پر سپیکر مشتاق غنی نے ہدایت کی کہ اسمبلی میں موجود لوگ خاموشی اختیار کریں۔