اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر داخلہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ وزیراعظم آ رہے ہیں یا نہیں، کوئی گیم شروع نہیں ہو رہی ، گیم صرف عمران خان کی ہے خطرے کی کوئی بات نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔ میں بطور وزیر داخلہ ڈیوٹی کرنے یہاں پر آیا ہوں۔ سپریم کورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پاکستان کی تمام عوام اور وزیراعظم پر لاگو ہوتے ہیں۔ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ سر آنکھوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہے اٹارنی جنرل اس پر بہتر بیان دے سکتے ہیں ، میں قانونی ماہر نہیں ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ سارے مسائل کی ذمہ دار وزارت داخلہ نہیں ہے۔میں اس لیے آیا ہوں کہ اگر وزیراعظم عمران خان آئیں تو میں اُن کے ساتھ سپریم کورٹ جاؤں۔جو آئین و قانون کے تحت ہو گا وہی ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی گیم شروع نہیں ہو رہی ، گیم صرف عمران خان کی ہے ۔ عمران خان اپنی حکومت کے پانچ سال پورے کریں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران وزیراعظم عمران کان کو آج ہی طلب کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کی سپریم کورٹ آمد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور پولیس کی اضافی نفری سپریم کورٹ پہنچی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا سکیورٹی اسٹاف بھی سپریم کورٹ کے باہر موجود تھا جبکہ سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے موبائل جیمرز بھی آن کیے گئے تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان سے ملاقات ہوئی جس میں خالد جاوید خان نے سپریم کورٹ کی سماعت سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے طلبی پر وزیراعظم عمران خان نے عدالت کے احترام میں سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔