جس دن پی ٹی آئی نارمل حالت میں آگئی تو یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی، شبلی فراز

🗓️

اسلام آباد: (سچ خبریں) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا ہے کہ موجودہ قیادت کو عوام کی سپورٹ حاصل نہیں ہے، وہ قیادت عالمی سطح پر کامیاب ہوتی ہے جس کو عوام کی سپورٹ حاصل ہو جب کہ حکومت وقت کو پتا ہے کہ جس دن پی ٹی آئی نارمل حالت میں آگئی تو یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی۔

سینیٹ اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جہاں پیپلزپارٹی کے نومنتخب سینیٹر وقار مہدی نے حلف اٹھا لیا، یوسف رضا گیلانی نے وقار مہدی سے حلف لیا۔

اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وقار مہدی کو خوش آمدید اور مبارکباد دیتا ہوں، خیبرپختونخوا کی خالی نشستوں سے الیکشن نہیں ہورہے ہیں، کیا خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی نمائندگی نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر لاہور میں انتخابات کروا رہے ہیں، ہر صوبے میں الیکشن ہو گئے، خیبرپختونخوا کو کیوں نمائندگی نہیں مل رہی، بہت پہلے دیکھ لیا تھا کہ ایک صوبے کی وجہ سے نقصان ہوا تھا، ایک صوبے میں الیکشن نہیں کروانے باقی سب جگہ کروا لیں، وجہ یہی ہے کہ پی ٹی آئی کے زیادہ سینیٹر منتخب ہو جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ ثانیہ نشتر کے استعفی پر ضمنی الیکشن نہیں ہورہا اور اس حوالے سے وزیر قانون غلط بیانی کررہے ہیں، خیبرپختونخوا کے سینیٹ الیکشنز الگ ہیں اور ثانیہ نشتر والا معاملہ الگ ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن نے میرے بارے سخت الفاظ استعمال کیے، میری تربیت نہیں ایسے الفاظ استعمال کروں، سینیٹ ضمنی انتخاب معاملہ عدالت میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی توجہ مخصوص نشستوں والے مقدمے سے جڑی ہے، سپریم کورٹ میں 13 رکنی بینچ منگل کو سماعت کرے گا، سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے سپریم کورٹ سے ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے۔

اجلاس کے دوران قدرتی گیس سے چلنے والے ذاتی بجلی گھروں پر لیوی سے متعلق منی بل پر قائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ پیش کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے منی بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بل کی مخالفت کرتے ہیں، کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی لگانی سے منفی اثرات پڑیں گے، بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ ہے، اس سے پلانٹ اور انڈسٹری بند ہوگی اور انڈسٹری کو نقصان پہنچنے گا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شبلی فراز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے امید تھی اپوزیشن لیڈر خود قائمہ کمیٹی آتے، کیپٹو پاور پلانٹس پر سوچ سمجھ کرلیوی لگانے کا فیصلہ کیا، کیپٹو پاور پلانٹس اپنی لاگت سے زیادہ منافع کما چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پالیسی بناتے وقت غریب لوگوں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے، ہماری حکومت نے 34 فیصد تک بجلی کی قیمتوں میں کمی کی ہے، گذشتہ 60 روز میں 10 روپے تک بجلی کی فی یونٹ خاطر خواہ کمی کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس لیوی سے وزیر اعظم کے بچوں سمیت متعدد لوگ اس کی زد میں آئیں گے، فیصلہ ہوا کہ اب غریب عوام تک ثمرات پہنچانے ہیں۔

بعد ازاں، سینیٹ نے کیپٹو پاور پلانٹس سے متعلق منی بل پر قائمہ کمیٹی خزانہ کی سفارشات منظور کردیں، منی بل پر سینیٹ کی سفارشات قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھجوائی جائیں گی۔

بعد ازاں، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کی سال 2023-24 کی رپورٹس ایوان میں پیش کی گئی اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سال 2023 کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

’پاکستان نے بھارت کی خطہ میں چوہدراہٹ نہیں بننے دی‘

پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس جذبہ سے پاکستانی قوم نے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا قابل تحسین ہے، چیف آف آرمی سٹاف اور پاکستان ایئر فورس کے نوجوان کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو انفارمیشن وار لانچ کی، پاکستان نے کامیابی سے اس کا مقابلہ کیا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر بیانیہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ایئر فورس کے سسٹم پر حملہ کرکے پیشہ وارانہ ہونے ثبوت دیا ہے، بھارت کو سمجھ ہی نہیں آئی کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے، پاکستان کی سیاسی اور ملٹری قیادت کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو مل کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے، پاکستان نے ٹیکٹیکل فیلڈ میں برتری ثابت کی، پاکستان نے بھارت کی خطہ میں چوہدراہٹ نہیں بننے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا شکریہ انہوں نے سیز فائر کرا کر کشمیر کے مسئلہ کا پھر ذکر کردیا، مودی نے اس سیز فائر کو سٹرٹیجک خاموشی کہا، بھارت کسی بھی عالمی قانون کی پاسداری نہیں کرتا، انڈیا نے اگر پھر حملہ کیا تو اس سے زیادہ منہ توڑ جواب دیں گے۔

’دشمن کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی جھلک نظر آگئی‘

قائد حزب اختلاف شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک پر جو حملہ ہوا اور سرحدوں کو چیلنج کیا گیا، چیلنج اس شخص نے کیا جو آر ایس ایس نظریے کا قائل ہے، نریندر مودی کا مکرو چہرہ آشکار ہوا، بھارت نے فالس آپریشن کے زریعے جواز بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی جھلک دشمنوں کو نظر آگئی ہیں، پاکستان ایئر فورس خراج تحسین کی مستحق ہے، میرا تعلق بھی ایئر فورس سے رہا ہے، ہمارے شاہینوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، ہم نے اس ساری صورتحال میں قومی یک جہتی کا ثبوت دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ظلم ہونے کے باوجود ہم نے فیصلہ کیا کہ جہاں پاکستان کی بات ہوگی وہاں ملکی مفاد عزیز ہے تاہم ہمیں مزید الرٹ رہنا ہوگا، اب اس کامیابی کو پاکستان کے دیگر شعبوں کی طرف لے جانا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ معیشت، خارجہ پالیسی، عدالتی نظام میں بہتری لانی ہوگی، صرف اقتدار کی سیاست نہ کرے بحثیت قوم ہمیں آگے بڑھنا ہے تو سیاسی استحکام لائیں، سیاسی مقدمات ختم سیاسی قیدیوں کو رہا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بغیر کسی اقتدار کے پاکستان کو آگے لیکر جاسکتا ہے، ہمیں سیاسی عدم استحکام کے ماحول سے نکلنا ہوگا۔

شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ موجودہ قیادت کو عوام کی سپورٹ حاصل نہیں ہے، وہ قیادت عالمی سطح پر کامیاب ہوتی ہے جس کو عوام کی سپورٹ حاصل ہو، ہم نے قومی یکجہتی کے فوائد دیکھ لیا، ادارے مضبوط ہوں جیسے پاک افواج مضبوط تھی جواب دیکھ لیا۔

مزید کہا کہ حکومت وقت کو پتا ہے کہ جس دن پی ٹی آئی نارمل حالت میں آگئی تو یہ حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی، آئندہ بھی ملک کے دفاع میں ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرکے انڈیا نے ثابت کیا وہ ذمہ دار ریاست نہیں ہے، پانی بند کرنا دراصل جنگ کا اعلان تھا، انڈیا کا گمان تھا وہ پاکستان کو دباو میں لے آئے گا، ایسے ملک کے خلاف کاروائی کی گئی جو ایٹمی ملک ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر بلوچستان میں دراندازی پر پاکستان انڈیا پر حملہ کرے تو ہمیں غیر زمہ دار ریاست کہا جاتا، افواج پاکستان نے بہترین انداز میں ملک کا دفاع کیا، سب سے زیادہ تعریف پاکستان ائیر فورس کی کرتا ہوں انہوں نے انڈیا کے منہ پر خاک مل دی، مہنگے طیاروں سے نہیں جذبہ محنت اور تربیت سے لڑا جاتا ہے۔

مشہور خبریں۔

شیخ حسینہ کا اگلا ٹھکانہ کون سا ملک ہو گا؟

🗓️ 11 اگست 2024سچ خبریں: انڈیا کے بعد شیخ حسینہ کا اگلا ٹھکانہ کون سا

سعودی عرب میں 68 ہزار قیدیوں کی حالت زار

🗓️ 7 اکتوبر 2021سچ خبریں:اسعودی لیکس کے مطابق انسانی حقوق کی دستاویزات سے پتہ چلتا

پینڈورا پیپر میں موجود افراد کے خلاف تحقیقات شروع ہو گئی ہیں

🗓️ 9 اکتوبر 2021اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے پینڈورا پیپر کی تحقیقات

خاتون جج دھمکی کیس: عمران خان کے 18 اپریل تک جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ قابل ضمانت میں تبدیل

🗓️ 31 مارچ 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف

نیپرانے بجلی کے نرخ میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی

🗓️ 27 اکتوبر 2021اسلام آباد (سچ خبریں) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہ

دبئی نے پاکستان سے مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی

🗓️ 27 جون 2021دُبئی(سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق  بتایا جا رہا تھا کہ اماراتی حکومت

صیہونیوں کو حزب اللہ کا فیصلہ کن جواب ایک اعزاز ہے: عرب نیشنل کانفرنس

🗓️ 9 اگست 2021سچ خبریں:عرب نیشنل کانفرنس کے سکریٹری جنرل نے حزب اللہ تحریک کے

متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں اسرائیلی مصنوعات، عوام میں شدید غم و غصے کی لہر پیدا ہوگئی

🗓️ 26 مارچ 2021دبئی (سچ خبریں) متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں اسرائیلی مصنوعات کے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے