اسلام آباد (سچ خبریں) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم معاملے کو سفارتی سطح پر بھی اٹھایا جائےگا، بھارت شروع سے کرکٹ میں پاکستان کیخلاف سازش کرتا رہا ہے، پاکستان میں کرکٹ جاری رہے گی، پی ایس ایل بھی کامیابی سے کرایا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے دنیا کے امن کیلئے جنگ لڑی، پاکستان نے پی ایس ایل کامیابی سے کرایا، راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاتے وقت4 جگہ پر سیکیورٹی چیک پوسٹ سے گزرا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو بہت بہتر سیکیورٹی فراہم کی، نیوزی لینڈ نے یکطرفہ فیصلہ کیا، معاملہ آئی سی سی میں اٹھائیں گے، معاملے کو سفارتی سطح پر بھی اٹھایا جائے گا۔
ہمارے کسی ادارے کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوا، بھارت شروع سے کرکٹ میں پاکستان کیخلاف سازش کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم تیار ہے اگر منی پی ایس ایل ہوجاتا ہے تو دنیا کو بہت بہتر پیغام جائے گا، ہمارے حوصلے بلند ہیں، ہمارے ہاں کرکٹ جاری رہے گی۔
اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے بات کی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مکمل طور پر سیکیورٹی فراہم کی، ہماری پولیس، افواج سمیت کسی ادارے کے پاس کوئی تھریٹ نہیں، ہم نے نیوزی لینڈ کو بغیر تماشائی میچز کروانے کی پیش کش کی، نیوزی لینڈ کو ہر طرح راضی کرنے کی کوشش کی۔
لیکن وہ نہیں مانے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا تھریٹ کا مسئلہ نہیں ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے یکطرفہ طور پر اپنا دورہ منسوخ کیا، نیوزی لینڈ کے دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن اور سکون کا سب سے بڑا داعی ہے، پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے انتہائی مضبوط اور زبردست ادارے رکھتا ہے، ہمارے اداروں نے بہت کوشش کی وہ مان جائیں، یہ کس کی سازش ہے میں یہاں نام نہیں لینا چاہتا۔
دستانے پہنے ہوئے ہاتھوں نے سازش کی، دستانے پہنے ہوئے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ انگلینڈ ٹیم بھی انہی راستوں اور باتوں پر غور کررہی ہے، انگلینڈ ٹیم جو بھی فیصلہ کرے گی ان کا اپنا فیصلہ ہوگا، انگلینڈ ٹیم کیلئے زبردست سکیورٹی انتظامات کیے ہیں، پاکستانی اداروں کو کوئی سکیورٹی تھریٹ موصول نہیں ہوا۔ یہ وزارت داخلہ کی ناکامی نہیں ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کو آنے کی صورت میں مکمل سکیورٹی دی جائے گی،ہم انہیں ویلکم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔