اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نائف فلاح ایم الحجراف سے بدھ کو ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
دونوں رہنمائوں نے تنظیم کے پاکستان کے ساتھ تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان بھی موجود تھیں۔
وزیر خارجہ اور خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے جی سی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعاون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران پاکستان اور جی سی سی کے درمیان تاریخی روابط، جغرافیائی قربت اور ثقافتی وابستگیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ دوطرفہ اور جی سی سی کے تناظر میں اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے مشترکہ ایکشن پلان کے مطابق ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مزید راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر فریقین نے پاکستان۔خلیج تعاون کونسل فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر جلد از جلد مذاکرات کو مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور ثقافت کی بیناد پر مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔