کراچی (سچ خبریں) بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے ، کے الیکٹرک صارفین پر بجلی بم گرانے کی تیاری کر لی گئی ۔نیپرا میں کے الیکٹرک کی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔ گذشتہ برس نیپرا نے بجلی 99 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے لئے بجلی 5 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ نیپرا میں کے الیکٹرک کی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کی درخواست پرسماعت آج ہوگی۔ کے الیکٹرک نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست ایک سہ ماہی اورایک ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ہے۔
جولائی تا ستمبر 2021ء کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے بجلی 5 روپے 18 پیسے فی یونٹ اورنومبر 2021ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 32 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس نیپرا نے بجلی 99 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی 99 پیسے فی یونٹ سسٹی کرنے کی منظوری دی ہے اور یہ منظوری مالی سال 2021 کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔
نیپرا نے بجلی سستی کرنے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔ نیپرا کے مطابق اس فیصلے سے صارفین کو 22 ارب 48 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق یکم دسمبر 2021ء سے ہو گا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق صارفین کو کمی کا ریلیف 3 ماہ کے لیے ملے گا۔
یاد رہے کہ قبل ازیں بجلی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھراضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور سی پی پی اے نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 33 پیسے اضافہ کرنے کی درخواست دے دی تھی۔ گذشتہ ایک سال کے دوران فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 18 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا، پے درپے 9 مرتبہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کر کے صارفین کی جیبوں سے ساڑھے 600 ارب روپے سے زائد رقم حاصل کی گئی۔