اسلام آباد (سچ خبریں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اے ایس ایف ایک مثالی ادارہ ہے، جن نوجوانوںنے اپنی ٹریننگ مکمل کی ان کی ٹریننگ ان کے مستقبل میں کام آئے گی، کورونا وباء کے دوران ایئرپورٹ پر ہمیشہ اے ایس ایف عملے کی تعریف سنی، مسافر ایئرپورٹ پر پیش آنے والی مشکلات کی وجہ سے تحمل کا دامن چھوڑ دیں تو بھی آپ نے ذمہ دار عملہ ہونے کا ثبوت دینا ہے۔
پیر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اے ایس ایف ایوی ایشن سیکورٹی کورس کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے ایس ایف ایک مثالی ادارہ ہے جن نوجوانوںنے اپنی ٹریننگ مکمل کی ان کی ٹریننگ ان کے مستقبل میں کام آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران ایئرپورٹ پر ہمیشہ اے ایس ایف عملے کی تعریف سنی۔
جہاں دنیا کے معاملات درہم برہم ہوگئے وہاں افغانستان سے امریکہ کے انخلا میں بھی پوری دنیا نے پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مسافر ایئرپورٹ پر پیش آنے والی مشکلات کی وجہ سے تحمل کا دامن چھوڑ دیں تو بھی آپ نے ان سے تحمل سے بات کرنی ہے اور ایک ذمہ دار عملہ ہونے کا ثبوت دینا ہے۔ بعض جگہ آپ کو سختی بھی کرنا پڑ سکتی ہے لیکن مسافروں سے غصہ نہ کریں نرمی سے پیش آئیں تاکہ کسی کی تضحیک نہ ہو۔