مظفرآباد(سچ خبریں) وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے سردار تنویر الیاس کو قائد ایوان نامزد کر دیا گیا ، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر میں سردار تنویر الیاس خان کو اپنا قائد ایوان نامزد کیا ہے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے خصوصی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا ، نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے27 ممبران اسمبلی کی حمایت درکار ہے ، سردار تنویر الیاس خان کو 32 ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہے ، تنویر الیاس کو آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے سے روکا نہیں جا سکتا ۔
بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء علی امین کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں شو آف ہینڈ کے ذریعے سردار تنویر الیاس خان پر بطور قائد ایوان اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیرعبدالقیوم خان نیازی نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا، عبدالقیوم نیازی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو استعفا بھجوا دیا ہے، جس میں عبدالقیوم نے کہا کہ وزارت عظمیٰ آپ کی امانت تھی آج واپس کررہا ہوں ، عبدالقیوم نیازی نے سارے حقائق سے گزشتہ روز عمران خان کو آگاہ کیا تھا، عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف سازش اور مبینہ ڈیل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو بڑی سازش قراردیا تھا، اس سے حوالے سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی تھی ، اس دوران عبدالقیوم نیازی نے عمران خان سے کہا کہ میرے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں، اپنے خلاف سازش ثابت کروں گا۔