اسلام آباد: (سچ خبریں) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو چیئرمین سینٹ بنائے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے چیئرمین سینٹ کے عہدے پر بڑا سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ چیئرمین سینٹ کے لیے اب یوسف رضا گیلانی کی بجائے ایک ڈارک ہارس نام سامنے آیا ہے اور ذمہ دار ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو چیئرمین سینٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ موجودہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر چیئرمین سینٹ بنیں گے، بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ ہونے سے وفاق کی چاروں اکائیوں کو اہم عہدوں پر نمائندگی مل جائے گی کیوں کہ صدر مملکت سندھ، وزیراعظم پنجاب، اسپیکر قومی اسمبلی پنجاب اور چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہوجائے گا، اسی طرح صوبہ خیبرپختونخواہ کو بھی کسی اہم وفاقی عہدے پر نمائندگی دی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ اس سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، نئے سرپرائز فیصلے کے بعد یوسف رضا گیلانی سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیکر رکن قومی اسمبلی کا حلف لیں گے، یوسف رضا گیلانی کی جگہ پر پیپلز پارٹی کا ایک اور سینٹر منتخب کرایا جائے گا، اس طرح پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کی دونوں نشستیں بچ جائیں گی۔ اسی حوالے سے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی اشارہ دے چکے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ بڑے منصب سے اترکر آئیں گے اور نیوٹرل ہوں گے جو کہ دونوں فریقین کیلئے قابل قبول ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان کی بڑی دلچسپ صورتحال ہے، ویسے تو بگٹی لیڈ کرے گا لیکن آج کی تاریخ میں ثناء اللہ زہری کا قدم آگے ہے۔