اسلام آباد(سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا کو فوجی اڈے دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے دینےکے لیے صاف انکار کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ پاکستان کے فوجی اڈے امریکا کو دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) بالکل بچوں کی طرح لڑ رہے ہیں، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ پیپلزپارٹی کو سندھ قوم پرست جماعت بنانے پر تل گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) صرف جی ٹی روڈ کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو فوجی اڈے دینےکے لیے صاف انکار کردیاہے۔جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اڈوں کا تو سوال ہی نہیں، فوجی اڈوں کی تلاش امریکا کی خواہش اور تلاش ہوسکتی ہے لیکن ہم نے اپنا مفاد دیکھنا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ محمود قریشی نے کہا ہے فوجی اڈوں کی تلاش امریکہ کی خواہش ہوسکتی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو بریفنگ میں کہہ چکا ہوں کہ ہمارا امریکہ کو فوجی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان سے امریکہ کے فوجی انخلا کے ساتھ چاہتے ہیں کہ امن عمل بھی آگے بڑھے۔