اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جنگ افغان مسئلے کا حل نہیں ہے، افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں جنگ کے بجائے امن کو موقع دینا چاہئے، پاکستان اور افغانستان کو ہمیشہ ساتھ رہنا ہے، چاہتے ہیں کہ دائمی امن کے لیے تمام افغان اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل حکومت قائم ہو۔
اسلام آباد میں پاک افغان میڈیا کانفرنس سے چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان خود مختار ملک کی حیثیت سے اپنے فیصلے خود کرے، پاکستان صرف سہولت کار کا کردار ادا کرسکتا ہے۔حکومتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ افغان جنگ سے پاکستان کو 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھانا پڑا جبکہ 70 ہزار جانوں کا ضیاع ہوا، توقع ہے افغان میڈیا پاکستا ن کی قربانیوں کو اجاگر کرے گا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کو باہر سے نہیں چلایا جا سکتا، میرا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے ہے، حکومت کو اس مؤقف پر عسکری اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے پاک افغان یوتھ فورم کے اراکین سے ملاقات کے بعد ان کے سوالات کے جواب دیئے۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس اب کھیل کے لیے وقت نہیں، بہت سے دیگر مسائل ہیں، افغانستان کی کرکٹ ٹیم میں جتنی بہتری آئی ہے کسی ٹیم میں نہیں آئی۔وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے ازبکستان کے ساتھ مزار شریف پشاور ریلوے لائن کے لیے پہلے ہی سمجھوتہ کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مستقبل کی تمام اقتصادی حکمتِ عملیوں کا انحصار افغانستان میں امن سے منسلک ہے، پاکستانی عوام افغان عوام کو پڑوسی کے بجائے بھائی سمجھتے ہیں۔