اسلام آباد (سچ خبریں) اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ‘ملک میں ایک کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو ویکسین کی دو خوراکیں لگ چکی ہیں اور اس وقت بھی ملک میں ویکسینز کی تقریباً 20 لاکھ خوراکیں موجود ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے کچھ مصروف سینٹرز میں ویکسین کی کمی دیکھنے میں آئی ہے لیکن ہم ویکسین کی اضافی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ ‘ملک میں 2 ہزار سے زائد ویکسی نیشن سینٹرز موجود ہیں اور ہر سینٹر میں آنے والوں کی تعداد میں فرق ہے تو ممکن ہے کہ کچھ سینٹرز میں ویکسینز کی کمی واقع ہو اور کچھ مصروف سینٹرز میں یقیناً ہوئی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس صورتحال میں ہم تمام صوبائی و مقامی حکام سے رابطے میں ہیں اور وہ بھرپور کوششیں کر رہے ہیں کہ کسی ایک سینٹر میں ویکسین کی کمی ہو تو دوسرے سینٹر سے اسے پورا کیا جاسکے’۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ‘اس وقت دنیا بھر میں ویکسین کی قلت ہے اور کئی جگہ معمولی تاخیر دیکھنے میں آئی ہے، ہم ویکسین کی اضافی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں اور جیسے ہی ہمیں اضافی ویکسین فراہم ہوں گی اس میں 20 جون کے بعد خاطر خواہ بہتری آئے گی، لہٰذا عوام مقامی انتظامیہ اور ویکسی نیشن عملے سے تعاون کریں اور ان کی ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ یہ وقتی خلا ہے جو پُر ہوجائے گا، ویکسی نیشن جاری رہے گی اور جون کے بعد اضافی کھیپ ملنے پر اس میں خاطر خواہ بہتری آجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ویکسین کی دو خوراکوں کے درمیان 3 سے 4 ہفتے کے وقفے کی تجویز بالکل درست ہے، لیکن ویکسین کی دوسری خوراک میں زیادہ وقفہ آنے پر بھی کوئی حرج یا نقصان نہیں اور لوگ دوسری خوراک 6 یا 7 ہفتے کے اضافی وقت کے بعد بھی لگوا سکتے ہیں اور پہلی خوراک کا اثر ضائع نہیں ہوگا’۔
معاون خصوصی نے عوام سے ویکسین کی موجودگی اور اسے لگوانے کے باجود کورونا کے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر باقاعدگی سے عملدرآمد کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں کے چند سینٹرز میں کورونا ویکسینز کی کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح ایکسپو سینٹر کراچی میں ویکسینز کی شدید قلت دیکھنے میں آئی اور کئی افراد کو ویکسین لگائے بغیر بھیج دیا گیا۔
ذرائع نے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں ویکسین کی قلت کے دیگر سینٹرز پر بھی اثرات دکھائی دیے اور ان کے اسٹاک کو میگا ویکسی نیشن سینٹر بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کی قلت کچھ دیر تک جاری رہی جس کے باعث شہر کے نواح میں واقع چند سینٹرز بند کر دیے گئے۔
اسی طرح لاہور میں ویکسینز کی قلت کے باعث حکام دو ویکسی نیشن سینٹرز بند کرنے پر مجبور ہوگئے، جبکہ صوبے کے دیگر چند سینٹرز کو بھی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
صورتحال سے باخبر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ اس طرح کی رپورٹس ہیں کہ پنجاب میں کورونا ویکسینز کا صرف ایک دن کا اسٹاک موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کی قلت کے باعث حکام صحت نے لاہور پریس کلب اور پاکستان کِڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلاٹ (پی کے ایل آئی) میں قائم سینٹرز بند کر دیے، جبکہ شہر کے دیگر چند سینٹرز میں غیر یقینی کی صورتحال ہے۔