اسلام آباد: (سچ خبریں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا، سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کرکے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیئے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ووٹ دیا، نوجوان بھی بلخصوص داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم انشاللہ تاریخ رقم کرے گا۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کے لیے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نضر آرہا ہے، ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیئے، ہمارے شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیوں کہ لوگوں نے کُھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مشورہ دیا ہے کہ میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیئے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیئے۔ سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللہُ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کر کے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے، آؤ میرے لوگو، اٹھو اورمتحد ہو جاؤ، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو، دنیا آپ کی منتظر ہے۔