اسلام آباد (سچ خبریں) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گرین شرٹس میچ پریشر لینے کے باعث ہاری سوزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، پاک آسٹریلیا میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے 69 سالہ عمران خان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس ٹیم پریشر لینے کے باعث میچ ہاری، پر اعتماد ٹیم جیسے ہی دبائو میں گئی تو باؤلنگ غلط ہونے لگی، ٹیم آخر تک پر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔
وزیراعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران معیشت مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات زیر بحث رہے۔
وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کیلئے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں ہم اس پر قابو پا لیں گے۔