راولپنڈی (سچ خبریں)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نائب وزیرخارجہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امور بھی زیر غور آئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اوراستحکام کیلئے ہرممکن کوششوں کے لیے پرعزم ہے، پاکستان افغانستان میں تمام دھڑوں پر مشتمل حکومت کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ تمام فریقوں پر مشتمل افغان حکومت کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان افغانستان میں امن اوراستحکام کیلئے ہرممکن کوششوں کیلئے پرعزم ہے، آرمی چیف نے دونوں ملکوں کے درمیان بامقصد رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ نے افغان صورتحال پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا افغانستان سے غیرملکیوں کے کامیاب انخلا میں تعاون قابل قدر رہا، علاقائی امن کیلئے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔