اسلام آباد: (سچ خبریں) آئی ایم ایف نے 5 سال میں پاکستانی برآمدات سالانہ 60 ارب ڈالر تک بڑھنے حکومتی دعوے کی نفی کرتے ہوئے 5سال میں پاکستانی برآمدات سالانہ 42 ارب 93 کروڑ ڈالر تک پہنچنےکا تخمینہ لگایا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم آیف نے تخمینہ لگایا ہے کہ پاکستانی برآمدات 5سالہ ہدف سے17 ارب 7 کروڑ ڈالر سے کم رہیں گی جبکہ رواں مالی سال پاکستانی برآمدات 31 ارب 75 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 26-2025 میں پاکستانی برآمدات کا تخمینہ34 ارب21کروڑ 70لاکھ ڈالرز ہے جبکہ مالی سال 27-2026 میں پاکستانی برآمدات 36 ارب 98 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے مالی سال 28-2027 کے لیے پاکستانی برآمدات کا حجم 39 ارب 81 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہنے کا تخمینہ لگایا ہے جبکہ مالی سال29-2028 میں پاکستانی برآمدات 42 ارب 93کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے، پاکستانی برآمدات کا5 سال کا تخمینہ آئی ایم ایف کےحالیہ رپورٹ کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ روز اڑان پاکستان اقدام کا اعلان کرتے ہوئے 2047 تک سالانہ برآمدات 60 ارب ڈالر تک جانے کا تخمینہ لگایا تھا۔
ڈان اخبار نے سرکاری دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ’اڑان پاکستان‘ اقدام پاکستان کو 2035 تک ایک کھرب ڈالر اور 2047 تک 3 کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کے لیے ایک مربوط روڈ میپ کے طور پر کام کرے گا۔
منصوبے میں آئی ٹی، مینوفیکچرنگ، زراعت، معدنیات، افرادی قوت اور بلیو اکانومی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سالانہ برآمدات میں 60 ارب ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔