اسلام آباد(سچ خبریں)موبائل فون استعمال کرنے والے شہریوں کا ڈیٹا ہیک کر کے معلومات فروخت کے لئے پیش کر دی ہیں، ہیکر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی تمام سیلولر کمپنیوں بشمول موبلنک، ٹیلی نار، یو فون، وارد اور زونگ کے کروڑوں صارفین کی نجی معلومات فروخت کیلئے پیش کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک ہیکر نے ٹیلی کام کمپنیز کے کروڑوں صارفین کی نجی معلومات کو چوری کرنے کا دعویٰ کیا جو انٹرنیٹ پر برائے فروخت ہیں۔ متوقع خریدار ٹیلی گرام اکاؤنٹ کے ذریعے ہیکر سے رابطہ کر سکتے ہیں جو ڈیٹا کو مطلوبہ رقم کے عوض فروخت کررہا ہے۔
نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ ہیکر ہر خریدار سے کروڑوں صارفین کی نجی معلومات کے عوض مبینہ طور پر 2 ہزار ڈالر کے مساوی ڈیجیٹل کرنسی وصول کرنے لگا۔ ہیکر کے دعوے کے مطابق اس کے پاس 50 کروڑ سے زائد سیلولر صارفین کی ذاتی معلومات ہیں۔
ہیکر کا کہنا ہے کہ جاز کی 14 کروڑ 6 لاکھ، ٹیلی نار کی 25 کروڑ 6 لاکھ، یو فون کی 3 کروڑ 32 لاکھ، وارد کی 65 لاکھ جبکہ زونگ کی 6 کروڑ 87 لاکھ سیلولر سمز اورجن پاکستانیوں نے مارچ 2020 تک سمز رجسٹرائز کرائیں، سب کی معلومات برائے فروخت ہیں۔
پروپاکستانی نامی ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ نمونے کے طور پر ہیکر نے تمام چوری شدہ ڈیٹا کی ایک فائل ہمیں فراہم کی جو فائلز کی صورت میں موجود ہے۔ صارفین کے نام، موبائل نمبرز، شناختی کارڈ نمبر اور پتے فروخت کیلئے پیش کردئیے گئے۔