اسلام آباد: (سچ خبریں) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے بعد 11 مارچ کی شام کو ٹوئٹر کی سروس جزوی طور پر بحال ہوگئی۔
پاکستان بھر میں گزشتہ ماہ 17 فروری سے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس بند ہے اور تاحال ملک بھر میں ٹوئٹر عام طور پر کام نہیں کر رہا۔
سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ 22 فروری کو پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کی سروس فوری طور پر بحال کرنے اور اسے بند نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی احکامات کے باوجود پی ٹی اے نے ٹوئٹر کی سروس بحال نہیں کی تھی لیکن 11 مارچ کو وفاقی کابینہ کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے بعد ایکس کی سروس جزوی طور پر بحال ہوئی۔
ملک میں گزشتہ ماہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد بننے والی قومی اسمبلی کے متعدد ارکان نئی وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔
وفاقی کابینہ سے قبل 10 مارچ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے عہدے کا حلف لیتے ہوئے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
ان سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے 4 مارچ کو عہدے کا حلف لیا تھا، ان سے سابق صدر عارف علوی نے حلف لیا تھا۔
قومی اسمبلی بننے، وزیر اعظم، صدر اور وفاقی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد 11 مارچ کو ٹوئٹر کی سروس جزوی طور پر بحال ہوئی اور یہ پہلے ہی خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ایکس کی سروس حکومت بننے کے بعد بحال ہوسکتی ہے۔