سچ خبریں: شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر نصف دہائی پرانے فیچر کو دوبارہ پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
انسٹاگرام کے سربراہ نے کچھ دن قبل ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ ایپلی کیشن پر 2019 میں ختم کیے گئے فیچر کو دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
انسٹاگرام پر نصف دہائی قبل ختم کیے گئے فیچر کو واپس متعارف کرانے کا مقصد ایپلی کیشن کے صارفین کو اپنے دوستوں کی پسند سے متعلق آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔
فیچر کے تحت جو صارفین کسی بھی ویڈیو یا پوسٹ کو لائیک کریں گے یا پھر کہیں بھی کمنٹ کریں گے تو ان کے دوستوں کو نوٹی فکیشن موصول ہوگا کہ ان کے دوست نے کس پوسٹ پر کمنٹ کیا ہے یا کس ویڈیو کو پسند کیا ہے۔
مذکورہ فیچر کو بہتر انداز میں پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اب انسٹاگرام انتظامیہ کی کوشش ہوگی کہ صارفین کو اپنے ان دوستوں کی لائیکس اور کمنٹس سے متعلق آگاہ کیا جائے جو کہ انہوں نے کسی ویڈیو پر کیے ہوں گے۔
پہلے مذکورہ فیچر کے تحت ہر لائیک اور کمنٹ کا نوٹی فکیشن موصول ہوتا تھا لیکن اب کوشش کی جا رہی ہے کہ صرف ویڈیوز پر کیے گئے کمنٹس یا ویڈیوز کو لائیک کیے جانے کے نوٹی فکیشن تک محدود رکھا جائے۔
مذکورہ فیچر پہلے انسٹاگرام سمیت فیس بک پر بھی مقبول ہوتا تھا لیکن کچھ عرصے سے اس فیچر کو محدود یا ختم کردیا گیا تھا اور اب اسے دوبارہ واپس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بعض صارفین مذکورہ فیچر کو اپنی پرائیویسی کےخلاف سمجھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ان کی پسند یا ناپسند سے متعلق ان کے دوستوں یا فالوورز کو معلوم نہیں ہونا چاہیے۔
مذکورہ فیچر تک ترتیب وار صارفین کو رسائی دی جائے گی اور بعض ممالک کے صارفین کو اس تک رسائی دی جا چکی ہے۔