سچ خبریں: امریکی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اس ملک کی وزارت دفاع کی انتہائی خفیہ دستاویزات کے افشا ہونے سے ملکی حکام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
امریکی حکومت کے تین باخبر ذرائع نے سی این این سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی حکومت ان خفیہ دستاویزات کے افشا ہونے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان دستاویزات میں ممکنہ طور پر اسرائیلی حکومت کے ایران کے خلاف وعدہ صادق 2 آپریشن کے جواب میں ہونے والےممکنہ حملے کی تفصیلات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کچھ لیک ہونے والی امریکی خفیہ دستاویزات کے بارے میں
ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ ان انتہائی خفیہ دستاویزات کا افشا ہونا بہت ہی تشویشناک ہے، یہ دستاویزات 15 اور 16 اکتوبر کی تاریخ سے متعلق ہیں اور جمعہ کے روز پہلی بار ایک ٹیلیگرام چینل پر لیک کی گئیں جس کے بعد وہ سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر بھی پہنچ گئیں۔
یہ دستاویزات نہایت حساس ہیں، ان پر موجود نشانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان تک صرف امریکہ اور اس کے قریبی اتحادی ممالک، جنہیں فائیو آئیز کہا جاتا ہے، یعنی آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ، کو رسائی حاصل تھی۔
مزید پڑھیں: امریکہ یوکرینی جنگ کی دستاویزات لیک ہونے سے پریشان ہے:وال اسٹریٹ جرنل
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، یہ دستاویزات امریکی نیشنل جیو اسپیشل انٹیلیجنس ایجنسی (NGIA) سے لیک ہوئی ہیں، جو امریکی وزارت دفاع کا حصہ ہے، اور ان میں اسرائیلی حکومت کے وعدہ صادق 2″ آپریشن کے جواب میں ایران کے خلاف ممکنہ حملے کی تیاریوں کی تفصیلات شامل ہیں۔