کابل (سچ خبریں) طالبان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے نئے حکمران ایئرپورٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں اور جیسے ہی غیر ملکی افواج کے نکلنے کا اشارہ ملا تو ہم مکمل طور پر ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبہال لیں گے۔
نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عہدیدار کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ کا مکمل انتظام سنبھالنے کے لیے ہم امریکیوں کے حتمی اشارے کے منتظر ہیں، اور ان کے انجینیئرز اور ٹیکنیشنز ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ طالبان ترجمان نے اس سے قبل الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ انہوں نے کابل ایئرپورٹ دھماکے سے پہلے ایئرپورٹ پر بھیڑ جمع ہونے کے حوالے سے انتباہ جاری کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 31 اگست وہ آخری تاریخ ہے جس دن غیر ملکی افواج کو افغانستان سے نکلنے کی آخری تاریخ دی گئی ہے۔