واشنگٹن (سچ خبریں) اسرائیل کو میزائل فراہم کرنے پر امریکی کمپنی کے خلاف امریکا میں سخت احتجاج کیا گیا اور فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کے مظاہرہ کیاگیا جس کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
خبررساں اداروں کے مطابق مظاہرین نے رتھیون نامی کمپنی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے اندر جانے کے راستے بند کردیے، یہ کمپنی اسرائیل کو گائیڈڈ میزائل اورآئرن ڈوم تیار کرکے دیتی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ اسلحہ فلسطینیوں کو مارنے، ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے اور اسرائیلی نسل پرست حکومت کے دفاع کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔
مظاہرین نے کمپنی کے ملازمین کی حاضری کے وقت داخلی راستے پر جمع ہوکر 5 گھنٹے تک داخلی راستہ بند رکھا، مظاہرہ کرنے والے 2 مظاہرین نے خود کو گاڑیوں سے باندھ دیا اور راستہ روکے رکھا، بعد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راستہ کھولا اور کئی مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب امریکا کی 17 تنظیموں نے فلوریڈا کے ٹمپا اسپتال اور اسرائیلی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے شراکت داری کے معاہدے کی مذمت کی ہے، اس سلسلے میں تنظیموں نے مختلف سرگرمیاں شروع کی ہیں، جن میں آن لائن مظاہرے، مہمات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایک پٹیشن میں طبی کارکنان، طلبہ اور دیگر تنظیموں کے ارکان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
امریکی تنظیموں نے مذمتی بیان میں ڈاکٹروں اور نرسوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ طبی منصوبوں کو مسترد کریں، کیوں کہ قابض اسرائیل فلسطینیوں کو بنیادی طبی امداد اور سہولیات سے محروم رکھنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، تل ابیب حکومت نے غزہ کی پٹی پر کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران بھی جارحیت کی اور ناکابندی جاری رکھی۔