نئی دہلی (سچ خبریں) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کی صحت یابی کے حوالے سے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کا شکار اپنے پاکستانی ہم منصب وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کی دعا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو روز قبل کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی اور کل ان کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، وزیر اعظم کے بعد ان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا بھی کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
وزیر اعظم کے وائرس کا شکار ہونے کی خبر دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی اور دنیا بھر سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغامات بھیجے گئے۔
وزیر اعظم کی جلد صحتیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کی فہرست میں پاکستانی سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا نام بھی شامل ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کی کووڈ-19 سے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ پاکستان میں جرمن سفیر برنارڈ شلیگیک اور آسٹریلین ہائی کمشنر ڈاکٹر جیوفری شا نے بھی عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔