سچ خبریں:ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودیوں کے اس دعوے کے جواب میں کہ یمن میں ایرانی فورسز کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے، زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی یمن میں کبھی بھی فوجی موجودگی نہیں تھی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے یمن پر سعودی قیادت والے اتحاد کے حملے اور صنعا میں پاسداران انقلاب کے ماہرین کے خفیہ اڈے کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور اسلامی جمہوریہ ایران اور یمن کے درمیان کسی بھی قسم کے فوجی تعلقات کی تردید کی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہاکہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات خطے اور دنیا کی اقوام کی رائے عامہ کو جارح ممالک کے جرائم سے ہٹانے کے لیے لگائے جاتے ہیں، خطیب زادہ نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی یمن میں کبھی بھی ایسی فوجی موجودگی نہیں رہی کہ جارحین کی طرف سے اسے نشانہ بنایا جائے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہاکہ اس طرح کے بے بنیاد بیانات سے یمن کی سرزمین پرجارحوں کی فوجی حکمت عملی کی غلطی کی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اقوام عالم اس طرح کی خبروں پر یقین کرتی ہیں اس لیے کہ یہ بے بنیاد ہیں جبکہ سعودی عرب اس سے پہلے بھی ہم پر اس طرح کے الزام عائد کر تا رہا ہے۔