سچ خبریں:فلسطینی مزاحمت نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ مسجد الاقصی پر صیہونی آباد کاروں اور فوجیوں کے کسی بھی حملے کے جواب میں تل ابیب کے ساتھ میدان جنگ میں اترنے کے لیے تیار ہے۔
صہیونیوں کی طرف سے یروشلم میں فلیگ مارچ شروع کیے جانے پر مزاحمتی گروپوں نے مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کے خلاف سخت انتباہ جاری کیا ہے،در ایں اثنا صیہونیوں نے مسجد الاقصیٰ پر بڑے پیمانے پر اور وحشیانہ حملہ کیا جب کہ مزاحمتی گروہ اس مسجد کے دفاع کے لیے پوری طرح چوکس ہیں۔
، الجزیرہ نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں پرچم نامی مارچ میں تقریباً 25 ہزار صہیونیوں نے شرکت کی۔ خبر رساں ذرائع نے مقبوضہ بیت المقدس کی صلاح الدین اسٹریٹ پر فلسطینیوں اور قابض فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع دی جبکہ صیہونی عسکریت پسندوں نے فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے فلسطینیوں پر پلاسٹک کی گولیوں اور گیس بموں سے حملہ کیا نیز صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں پر فائرنگ بھی کی۔
اخباری ذرائع نے باب العامود میں صحافیوں پر آباد کاروں کے حملے کا حوالہ دیا اور اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج نے صلاح الدین اسٹریٹ کے داخلی دروازے پر فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے فلسطینی مارچ کرنے والوں پر بھی حملہ کیا۔