القبس اخبار نے کویت میں امریکی سفارت خانے میں سکیورٹی اہلکار کی خودکشی کی اطلاع دی ہے۔
کویت کے اخبار القبس نے اس ملک میں امریکی سفارت خانے میں تعینات سکیورٹی اہلکارکی خودکشی کی اطلاع دی ہے، اخبار کے مطابق کویت کی سکیورٹی فورسز کو ہفتے کی صبح بیان علاقہ میں واقع امریکی سفارت خانے کی عمارت میں خودکشی کی اطلاع ملی تھی اورجب سکیورٹی اہلکار سفارت خانے کے ہیڈ کوارٹر گئے تو انہیں باتھ روم کے اندر سفارتخانے کے سکیورٹی عملے میں سے ایک اہلکار کی لاش ملی۔
ایک سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افسروں کو اس شخص کے سر میں گولی اور اس کے پاس پستول ملا ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ شخص 44 سالہ ہندوستانی ملازم تھا اور اس کی لاش کو موت کی وجہ اور وقت کا تعین کرنے کے لئے فرانزک لیب میں لے جایا گیا ہے،تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں اورنہ ہی کویتی اور امریکی حکام نے اس پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ بیرون ملک امریکی سفارتکاروں کے درمیان غیر معمولی واقعات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ حال ہی میں ایک خبر شائع ہوئی تھی کہ کیوبا اور دیگر کئی ممالک میں امریکی سفارتکار مرموز دماغی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں جبکہ آئے دن متعدد ممالک سے امریکی سفارتی کارکنوں کی خود کشی یا قتل کی خبریں آتی رہتی ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بے گناہ افراد پر ظلم اپنا اثر ضرور دکھاتا ہے۔