سچ خبریں:پاکستانی ذرائع نے ہفتے کے روز طالبان کی دعوت پر آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل فیض حامد کے افغان دارالحکومت کابل کے غیر متوقع دورے کی اطلاع دی۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ نے اب سے کچھ دیر قبل اطلاع دی کہ ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل جنرل فیض حامد ایک اعلیٰ سطحی سیاسی ، سکیورٹی اور انٹیلی جنس وفد کی سربراہی میں طالبان مشاورتی کونسل کی دعوت پر کابل گئے ہیں،ایک سینئر صحافی اور پاکستان کی دنیا نیوز کے معروف پریزینٹر کامران خان نے کہا کہ پاکستانی ملٹری انٹیلی جنس سروس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آج صبح افغان دارالحکومت کابل پہنچا۔
انہوں نے مزید کہاکہ طالبان کے ہاتھوں افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان کی مشاورتی کونسل کی دعوت پر جنرل حامد کابل کا دورہ کرنے والے پہلے سینئر پاکستانی عہدیدار ہیں،یادرہے کہ اس دورے کے دوران طالبان کے ساتھ پاکستان کے مستقبل کے تعلقات کے امکانات ، سلامتی ، اقتصادی مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان ترکی اور قطر کے ساتھ مل کر کابل بین الاقوامی ہوائی اڈے کو فعال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے اور اسلام آباد نے پہلے ہی طالبان سے مشاورت شروع کر دی ہے،گزشتہ روز دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ایک وفد نے شیر عباس استنکزی کی سربراہی میں قطر میں پاکستانی سفیر سے ملاقات کی اور دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔