سچ خبریں:مقبوضہ گولان کی عوام نے شام کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر ایک ریلی نکالی جس میں بشار الاسد کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے صہیونی حکومت کے خلاف مستقل مزاحمت کی ضرورت پر زور دیا۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ گولان کے رہائشیوں نے اس علاقے میں ایک ریلی نکالی، یہ ریلی فرانسیسی قبضے سے شام کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر نکالی گئی تھی، رپورٹ کے مطابق ریلی میں شامل شرکاء نے شامی حکومت اور فوج کی مکمل حمایت کے اظہار کے نعرے لگائے، انہوں نے غیر ملکیوں کے خلاف شام کی حکومت خصوصا بشار الاسد کی مزاحمت کی تعریف کی۔
مظاہرین نے صہیونی مخالف نعروں کے ساتھ پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر شام کی حکومت اور فوج کے لیے صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کرنے کی ضرورت پر مبنی پیغام لکھے ہوئے تھے، ریلی میں شریک افراد نے یہ بھی بتایا کہ گولان کی پہاڑیاں ان کا آبائی وطن ہے اور جب تک اس خطے سے صہیونی قبضہ کاروں کو ملک بدر نہیں کیاجائے گا وہ آرام نہیں کریں گے،انہوں نے صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت کی بھی شدید مذمت کی۔