سچ خبریں:صہیونی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی سے فائر کیے جانے والے راکٹوں کو روکنے میں آئرن ڈوم دفاعی نظام کی کمزوری کا اعتراف کرنے کے بعد، عمان کے مفتی اعظم نے فلسطینی مزاحمت کی عسکری صلاحیت میں اضافے پر مبارکباد دی۔
عمان کے مفتی اعظم حمد بن حمد الخلیلی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں فلسطینی مزاحمت کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ہم فلسطین کی بہادر مزاحمتی تحریک کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، جو قابض دشمن کو خوفزدہ کرنے، ان کی ظالمانہ جارحیت کو جاری رکھنے سے روکنے اور انہیں پیچھے دھکیلنے میں کامیاب رہی ہے۔
احمد بن حمد الخلیلی نے سورہ مبارکہ انفال کی آیت نمبر 60 کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالی سے ان کے لیے، ایک شاندار فتح ، فوجی صلاحیت میں ترقی اور کامیابی کے طلبگار ہیں۔
حالیہ میڈیا رپورٹس میں اشارہ دیا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروہ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں خاص طور پر میزائل رینج اور صحیح نشانے پر لگنے نیز صیہونی فوجی طیاروں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ صہیونی فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم نے فلسطینی مزاحمتی فورسز کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کے بعد فائر کیے گئے میزائلوں اور راکٹوں کو روکنے میں انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہ سسٹم حالیہ جھڑپوں میں غزہ کی پٹی سے داغے گئے 22 راکٹوں میں سے صرف چار کو ہی روک سکا۔