سچ خبریں:مسجد اقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے فلسطینیوں کو مسجد الاقصی میں اعتکاف جاری رکھنے اور اس کی حفاظت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں مسجد الاقصی پر کسی بھی صیہونی حملے سے خبردار کیا۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصیٰ کے خطیب اور مبلغ شیخ عکرمہ صبری نے آنے والے دنوں میں مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے کسی بھی حملے کے بارے میں خبردار کیا اور فلسطینیوں کی مسجد میں مسلسل موجودگی اور اس کی حافظت پر زور دیا۔
شیخ صبری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مسجد اقصیٰ میں اعتکاف ہر مسلمان کا حق ہے، مزید کہا کہ اعتکاف صرف رمضان کے مقدس مہینے سے مخصوص نہیں ہے بلکہ کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے،مسجد الاقصیٰ کے خطیب نے کہا کہ قابض حکومت کو مسجد اقصیٰ کے امور میں مداخلت اور اس میں اعتکاف کو روکنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض حکومت نے پہلے بھی مسلمانوں کو اعتکاف کرنے سے روکنے کی کوشش کی ہے اور جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، اس لیے قابضین کو چاہیے کہ وہ مسجد اقصیٰ سے نکل جائیں اور فلسطینی نوجوانوں اور اعتکاف کرنے والوں کے ساتھ جھڑپوں سے گریز کریں،مسجد اقصیٰ کے خطیب کا کہنا ہے کہ تازہ ترین خبروں کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں اشتعال انگیز فلیگ مارچ کے انعقاد پر اپنی حماقت پر اصرار جاری رکھا ہوا ہے۔