سچ خبریں:امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ماہ خطے کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد سے ملاقات نہیں کریں گے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ان کی ملاقات طے نہیں ہے،جو بائیڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ صرف ایک وسیع بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کے دوران بن سلمان سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
بائیڈن نے ایک رپورٹر کے سوال کہ آپ سعودی عرب کے دورے کے دوران جمال خاشقجی کے قتل سے کیسے نمٹیں گے؟، کے جواب میں کہا کہ میں ایم بی ایس (محمد بن سلمان) سے ملنے نہیں جا رہا ہوں، میں ایک بین الاقوامی اجلاس میں جا رہا ہوں جس میں وہ بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ بائیڈن کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بائیڈن کی بن سلمان سے ملاقات کے ارادے کی خبروں نے امریکی صدر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لیے کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے لیے بن سلمان کو جوابدہ بنانے کا وعدہ کیا تھا۔
سعودی عرب کے ہاتھوں تنقیدی سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد، جو بائیڈن نے ریاض کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزام عائد کیے تھے اور یہ دکھاوا کرنے کی کوشش کی کہ امریکہ، دنیا کی انسانی حقوق کی پولیس کے طور پر تجارت کو فروغ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔