سچ خبریں:اگرچہ گزشتہ ہفتے سے ایلان ماسک سوشل نیٹ ورک ٹویٹر کے مالک بن چکے ہیں، تاہم امریکہ کے سابق صدر نے کہا کہ وہ اپنے سوشل نیٹ ورک پر باقی رہیں گے۔
ایلان ماسک کے ٹوئٹر سوشل نیٹ ورک کی ملکیت لینے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پیغام میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ وہ ’ٹروتھ سوشل‘ نامی اپنے سوشل نیٹ ورک پر باقی رہیں گے۔
انہوں نے اپنے سوشل نیٹ ورک کو بہتر اور محفوظ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ وہ اس سوشل نیٹ ورک کو اپنا گھر محسوس کرتے ہیں، یاد رہے کہ ایلان ماسک نے جمعرات کو سوشل نیٹ ورک ٹویٹر کو خریدنے کے لیے 44 بلین ڈالر کا معاہدہ مکمل کیا، آدھی رات سے پہلے ٹویٹ کرتے ہوئے ٹویٹر کے آئیکن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرندہ (ٹویٹر کا آئیکن) آزاد ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے جمعہ کو فاکس نیوز کو دیے جانے والے اپنے انٹرویو میں بھی کہا کہ میں ایلان کو چاہتا ہوں اور میں ان کی بڑی کامیابی کی خواہش کرتا ہوں،سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ٹویٹر میرے بغیر کامیاب ہو سکتی ہے، تاہم اپنے انٹرویو میں ٹرمپ نے اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا کہ آیا وہ ٹویٹر پر واپس آئیں گے یا نہیں۔
یاد رہے کہ 6 جنوری 2021 کو کانگریس کے ہونے والے حملے کے بعد، ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ پر ٹرمپ کے اکاؤنٹس معطل کر دیے گئے، ٹویٹر نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ کے اس وقت کے لکھے ہوئے متعدد ٹویٹس نے تشدد کی آگ بھڑکا دی تھی اور ٹویٹر پر ان کی مسلسل موجودگی کو مزید تشدد کو ہوا دینے کے مترادف قرار دیا تھا۔