سچ خبریں:یمن کی انصار اللہ تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو اس وقت تک سلامتی نظر نہیں آئے گی جب تک یمن محفوظ نہیں ہو جاتا۔
رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی انصاراللہ تحریک کے سیاسی بیورو کے رکن محمد البخیتی نےاس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ اور صیہونی حکومت اس وقت یمن پر جارحیت میں بالواسطہ طور پر ملوث ہیں، کہا کہ اگر اسرائیل یا امریکہ یمن پر براہ راست حملہ کریں گے تو یمنی جواب دیں گے ،ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
محمد البخیتی نے مزید کہاکہ یمن کے خلاف جارحیت بنیادی طور پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت ہے، کیونکہ یمن کے خلاف جارحیت کا اعلان ریاض یا ابوظہبی سے نہیں کیا گیا تھابلکہ واشنگٹن سے کیا گیا تھا جارحیت میں ملوث تمام ممالک بالخصوص چار ممالک (امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات) جارحیت میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ میں متحدہ عرب امارات کی حکومت سے کہتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی یمن کے ہاتھ میں آگئی ہے، جب تک یمن محفوظ نہیں ہوگا، متحدہ عرب امارات کو سلامتی نظر نہیں آئے گی، متحدہ عرب امارات کو محفوظ بنانے کا طریقہ امن کی طرف بڑھنا اور یمن کے خلاف جارحیت کو روکنا، یمن کا محاصرہ ختم کرنا اور یمن کے تمام مقبوضہ علاقوں سے مکمل طور پر دستبردار ہونا ہے،متحدہ عرب امارات کے محفوظ رہنے کا یہی واحد راستہ ہے۔