سچ خبریں:حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے صیہونیوں کے خلاف فلسطینیوں کے بہادرانہ اقدامات کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کی بہادری پر فخر ہے۔
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اپنی تقریر میں فلسطین کے تازہ حالات پر تبصرہ کیا، انہوں نے فلسطین پر صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف فلسطینیوں کی جد و جہد کے لیے حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مقبوضہ فلسطین کے مرد، عورت، جوان اور بچوں کی بہادری کا ساتھ دینے پر فخر ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ جو کچھ مقبوضہ فلسطین میں ہو رہا ہے اس کا دشمن کے ساتھ ٹکراؤ اور اسرائیل کے وجود پر گہرا اثر پڑے گا،انہوں نے غاصب اسرائیل کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر فلسطینیوں میں مایوسی اور محرومی کی بنیاد پر شرط لگا رہے ہو تو دھوکے میں ہو، اگر تمہیں لگتا ہے کہ عربوں کی غداری فلسطینی جوانوں کو پیچھے ہٹا دے گی، توتم وہم کا شکار ہو۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کا ظلم انہیں اس حکومت کے قبضے کے خلاف مزاحمت کے لئے مزید پرعزم بنائے گا،انہوں نے مزاحمتی تحریک کی جانب سے فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لڑائی میں انکے کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔