سچ خبریں:قطر کی ہلال احمر کمیٹی نے غزہ سے وفاداری کے نام سے ایک نئی مہم شروع کی ہے جس کا مقصد غزہ کے شہریوں کے لیے نقد عطیات جمع کرنا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق قطری ہلال احمر ٹیم نے غزہ سے وفاداری کے عنوان سے ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد غزہ کے شہریوں کے لیے نقد عطیات جمع کرنا ہے، قطری ہلال احمر تنظیم کے مطابق نقد عطیات جمع کرنے کی مہم کا مقصد غزہ کی پٹی پر حالیہ اسرائیلی حملے سے متاثر ہونے والے 85000 فلسطینی شہریوں کی مدد کرنا ہے۔
قطری ہلال احمر تنظیم کے سربراہ علی بن حسن الحمادی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں پے درپے جنگوں اور 15 سال سے جاری محاصرے کی وجہ سے مصائب کا سلسلہ جاری ہے اور اس علاقے پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے نے ان کے درد میں مزید اضافہ کر دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ قطر کی ہلال احمر تنظیم کی غزہ کے لیے امداد میں طبی امداد، پانی کی فراہمی کے نیٹ ورک کی مرمت، تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو اور نقد امداد شامل ہے۔
الحمادی نے تاکید کی کہ 2008 سے اب تک قطر ہلال احمر نے 90 منصوبوں کے نفاذ میں فلسطین ہلال احمر تنظیم کے ساتھ تعاون کیا ہے اور اس عرصے کے دوران امداد کی تقسیم کی مالیت 110 ملین ڈالر سے زیادہ تک پہنچ گئی ہے۔