سچ خبریں:عراق کے وزیر دفاع نے ترکی کو خبردار کیا کہ عراق کی خودمختاری اس ملک کی سرخ لکیر ہے۔
عراق کے وزیر دفاع ثابت العباسی نے سعودی الحدیث چینل کے ساتھ گفتگو میں عراقی سرزمین پر ترکی کے حملوں کے بارے میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ترکی کے حملوں کے مسئلے کو سیاسی طور پر حل کرنا چاہیے،تاہم عراق کی خودمختاری ہماری سرخ لکیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی اور ایران کے ساتھ ہمارے مشترکہ مفادات ہیں جنہیں ہمیں سیاسی طور پر محفوظ رکھنا چاہیے لیکن ساتھ ہی ہم نے ان دونوں ممالک کو آگاہ کر دیا ہے کہ عراق کی خودمختاری ہماری سرخ لکیر ہے۔
مزید پڑھیں:عراقی سرزمین سے کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں گے :عراق
انہوں نے کہا کہ عراق کی سرزمین کسی کے لیے تشویش کا باعث نہیں ہوگی، ہم کچھ پڑوسی ممالک کے ساتھ مشترکہ مشقیں کرنا چاہتے ہیں اس لیے کہ عراقی حکومت فوج کو مضبوط کرنے اور اسے مسلح کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
عراقی وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے صحرائی علاقوں کے لیے خصوصی دستوں کا ایک سلسلہ مقرر کیا ہے جنہیں بین الاقوامی اتحاد کے ذریعے تربیت دی جائے گی۔
یہ بھی دیکھیں:عراقی سرزمین پر بار بار حملوں سے ترکی کے مقاصد
العباسی نے داعش کے بارے میں تاکید کی کہ داعش دہشت گرد تنظیم کا عراقی سرزمین کے کسی بھی حصے پر بھی کنٹرول نہیں ہے،الہول کیمپ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کیمپ سے 1100 سے زائد افراد کو لے کر صوبہ نینوا میں واقع الجدعہ کیمپ میں منتقل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن ممالک کے شہری شام کے الہول کیمپ میں موجود ہیں انہیں اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے کاروائی کرنی چاہیے تاکہ اس کیمپ کو ختم کر دیا جائے۔