سچ خبریں:عراقی فوج نے اس ملک کے صوبہ نینوا میں داعش کے خفیہ ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجہ میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
عراقی سکیورٹی انفارمیشن کے ادارے نے صوبہ نینوا میں داعشی دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر جنگی جہازوں کی بمباری کی خبر دی ہے،رپورٹ کے مطابق عراقی سکیورٹی انفارمیشن کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ نینوا کے مغرب میں واقع پہاڑی علاقے عدایہ میں ایف سولہ طیاروں نے داعش کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ فضائی کاروائی مکمل سیکورٹی معلومات کی بنیاد پر اس پہاڑی علاقے کے ایک غار میں داعشی دہشت گردوں کی مخفیگاہ کی نشاندھی ہونے کے بعد کی گئی،قابل ذکر ہے کہ داعش کے باقی ماندہ عناصر بدستور عراقی سلامتی کے لئے خطرہ شمار ہوتے ہیں، خاص طور پر آزاد کرائے گئے صوبوں من جملہ دیالی، کرکوک، الانبار، صلاح الدین اور نینوا میں یہ خطرہ بدستور موجود ہے۔
یاد رہے کہ یہ عناصر بعض اوقات مسلح حملے کرتے ہیں جو سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کی ایک تعداد کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا سبب بنتے ہیں،عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشتگردوں کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی پشت پناہی حاصل ہے جو انہیں ختم کرنے کے بہانے عراق میں داخل ہوئے تھے۔