سچ خبریں:اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم او ای سی ڈی نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے نتیجے میں، عالمی معیشت اگلے سال پہلے کی پیش گوئی سے زیادہ سخت متاثر ہوگی۔
فرانس 24 کی رپورٹ کے مطابق اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم او ای سی ڈی نے اپنی سابقہ پیش گوئی پر نظرثانی کے ساتھ ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ یوکرین جنگ کے اثرات سے عالمی معیشت کو اگلے سال شدید دھچکا لگے گا، او ای سی ڈی نے جنگ کی قمیت کے نام سے شائع ہونے والی اپنی اس رپورٹ میں لکھا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے، جب کہ بینکوں نے قیمتوں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش میں شرح سود میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں اقتصادی ترقی دباؤ کا شکار ہے۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض اشارے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حالات بدتر ہو رہے ہیں اور عالمی ترقی کا منظر نامہ تاریک ہو چکا ہے نیز اس سال کی دوسری سہ ماہی میں دنیا کی ترقی رک گئی اور اب بہت سی معیشتوں کے شماریاتی اعداد و شمار کساد بازاری کے دور کے جاری رہنے کی نشاندہی کرتے ہیں، اس تنظیم نے 2023 میں عالمی اقتصادی ترقی کی اپنی پیشن گوئی کو 2.8 سے کم کر کے 2.2 فیصد کر دیا ہے۔