سچ خبریں:طالبان نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
طالبان کی عبوری حکومت نے غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کی جارحیت اور جہاد اسلامی تحریک کے اعلیٰ کمانڈروں میں سے ایک کے قتل کی مذمت کی ہے، طالبان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اسلامی امارات غزہ کے مظلوم اور بے دفاع مسلمانوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتی ہےجس میں بہت سے فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس طرح کے حملوں کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
طالبان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے بھی کہا کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم اور جارحیت کو روکنے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے، یاد رہے کہ گزشتہ شام کو صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے علاقوں پر حملہ کیا۔
فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے میں جہاد اسلامی تحریک کے سینیئر رہنماوں میں سے ایک تیسیر الجعبری اور دس دیگر افراد کو شہید کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ جمعہ کی شام غزہ کی پٹی کے خلاف صیہونی حکومت کے نئے فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد مقامی میڈیا نے ہفتہ کی صبح بھی اس علاقے پر غیر انسانی حملوں کے جاری رہنے کی خبر دی۔