سچ خبریں:افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور طالبان کے لگاتار حملوں کے خلاف اس ملک کی خواتین مسلح ہوکر میدان میں اتر آئیں۔
افغان ذرئع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں خواتین بندوقیں اٹھائے طالبان کے خلاف لڑنے کا مظاہرہ کرتے ہوئے شمالی اور وسطی افغانستان میں مارچ کرتی ہوئی سڑکوں پر نکل آئیں اور رائفلوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کیں۔
بتایا جاتا ہے کہ سب سے بڑا مظاہرہ "وسطی صوبہ غور” میں ہوا جہاں سیکڑوں خواتین بندوقیں لہراتی اور طالبان مخالف نعرے لگاتی رہیں۔
مارچ کرنے والوں میں شامل اور "صوبہ غور” میں خواتین کی ڈائریکٹوریٹ "حلیمہ پرستش” کا کہنا ہے کہ کچھ خواتین ایسی تھیں جو محض علامتی طور پر سیکورٹی فورسز کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی تھیں لیکن بہت سی خواتین میدان جنگ میں جانے کے لئے تیار تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی لڑنے والی خواتین میں شامل تھیں اور ان کے ساتھ کچھ دیگر خواتین نے ایک ماہ قبل گورنر کو بتادیا تھا کہ ہم جاکر لڑنے کے لئے تیار ہیں۔