سچ خبریں:قابض صیہونی فوج نے توقوعہ قصبے کے ہائی اسکول کے طلبا پر آنسو گیس کے گولے برسائے۔
بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع توقوعہ قصبے میں اسرائیلی قابض فوج (آئی او ایف) نے ہائی اسکول کے طلبا پر آنسوگیس سے شیلنگ کی ، مقامی ذرائع کے مطابق توقوعہ قصبے کے ہائی اسکول کے قریب اسرائیلی فوج کی بھاری نفری پھیل گئی اور طلباء پر آنسو گیس کے گولے برسائے۔
رپورٹ کے مطابق قابض فوج کے حملےمیں متعدد طلباء آنسو گیس کی شیلنگ سے متاثر ہوئے، یاد رہے کہ حال ہی میں الخلیل شہر میں فلسطینی اسکول کے بچوں کو قابض فوج کے اسی طرح کےحملے کا سامنا کرنا پڑا جب وہ الخلیل شہر کے جنوبی علاقے اور مسجد ابراہیمی کے قریب اسکول سے چھٹی کے بعد پیدل چل کر اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتےقابض فوج نے الخلیل کے جنوبی علاقے میں الحجریہ اسکول پر دھاوا بول کر طلباء اور اساتذہ پر تشدد کی،بیت لحم کے الخانسہ سکول میں دوسری جماعت کا 7 سالہ لڑکا ریان سلیمان گذشتہ جمعرات کو اس وقت اونچائی سے گر کر شہید ہوگیا تھا جب قابض فوج نے اسے پکڑنے کے لیے اس کا تعاقب کیا،خوف زدہ بچہ بھاگتے ہوئے گر کر شہید ہوگیا تھا۔