سچ خبریں:ایران کے وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں اسرائیل کی موجودگی علاقائی ممالک کے لیے خطرہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے متحدہ عرب امارات کے وزير خارجہ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا ہے کہ اسرائیل کی خطے میں موجودگی،علاقائی ممالک اور خطے کے لئے تباہ کن ثابت ہوگی۔
ایرانی وزير خارجہ نے یمن جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم یمن میں جاری جنگ کو دونوں فریقوں کے لئے نقصان دہ سمجھتے ہیں،یمن پر مسلط کردہ جنگ کو فوری طور پر متوقف کرنا چاہیے کیونکہ اس جنگ سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ بے گناہ یمنی عوام کا قتل عام ہورہا ہے اور یہ ملک تباہ ہورہا ہے،امیر عبداللہیان نے ایران اور امارات کے تعلقات کو مثبت قراردیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی ظرفیتوں سے مزید استفادہ کرنا چاہیے۔
اس گفتگو میں امارات کے وزير خارجہ نے بھی ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ امارات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور یمن کے مسئلہ کو اقوام متحدہ کے زير نظرسیاسی سطح پر حل کرنا چاہتا ہے۔