سچ خبریں:حال ہی میں صیہونی ہائی سکیورٹی جیل جلبوع سے فرار ہونے والے چھ فلسطینی قیدیوں میں سے صیہونی فوج نے مزید دو کو گرفتار کر لیا ہے۔
صیہونی اخبار یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی ہائی سکیورٹی کی حامل جیل جلبوع جیل سے سرنگ کھود کر آزاد ہونے والے چھ قیدیوں میں باقی بچے دو قیدی بھی گرفتار ہو گئے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔
قدس نیوز نے گرفتار ہوئے فلسطینیوں کی پہچان ’ایہم کممجی‘ اور ’مناضل انفیعات‘ بتائی جو 7 ستمبر کو چار اور ساتھیوں کے ساتھ سب سے زیادہ محفوظ سمجھی جانے والی جلبوع جیل سے نکلنے میں کامیاب ہوئے تھے،واضح رہے کہ اس سے قبل صیہونی پولیس چار قیدیوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونیوں کی ہائی سکیورٹی جیل سے فلسطینی نہتے قیدیوں کے فرار نے اس غیر قانونی ریاست کے سکیورٹی اداروں کی ہوا نکال دی جس کے بعد صیہونیوں کو عالمی سطح پر بے انتہا خفت کا سامنا کرنا پڑا جسے مٹانے کے لیےیہ فلسطینیوں کے خلاف نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
ایک صیہونی وب سایٹ کے مطابق، ’جلبوع‘ جیل سے آزاد ہوئے فلسطینی قیدیوں کی گرفتاری کے لئے ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی مدد لی گئی جسکے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔ دوسری طرف صیہونی فوجیوں نے سنیچر کی رات مقبوضہ ویسٹ بینک کے جنین شہر پر چڑھائی کر دی جسکے دوران فلسطینیوں سے ہوئی جھڑپ میں ایک فلسطینی جوان زخمی ہو گیا۔
فلسطینی ذرائع نے اسی طرح اتوار کو علی الصباح جنین پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے وقت کئی دھماکوں کی آواز سنائی دینے کی خبر دی ہے۔