سچ خبریں:فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کی انٹیلی جنس تنظیم کے سربراہ کی دھمکیوں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اس بات پر زور دیا کہ غاصب صیہونی حکومت کی دھمکیاں کوئی نئی بات نہیں ہیں اور نہ فلسطینی قوم اور نہ ہی مزاحمتی قیادت ان دھمکیوں سے خوفزدہ ہے، برہوم نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ صیہونی دشمن کی دھمکیاں غزہ، مغربی کنارے اور یروشلم میں فلسطینوں کی مزاحمت اور فلسطینی قوم کی بہادرانہ استقامت اور مبارک مزاحمت کے نتیجے میں اس حکومت کے قائدین کے سیاسی، سکورٹی اور فوجی بحران کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی خفیہ جاسوسی تنظیم شاباک کے سربراہ رونین بار کی جانب سے اس سے قبل غزہ میں حماس کے دفتر کے سربراہ یحییٰ السنوار کو بھیجے جانے والے ایک پیغام میں غزہ کے خلاف فوجی کارروائیوں کے امکان کے بارے میں خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ السنوار مغربی کنارے میں صیہونی مخالف کاروائیاں کرنے کے لیے فلسطینیوں کی حوصلہ افزائی کرنا چھوڑ دیں اور غزہ کی تعمیر نو یا مزاحمت میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
یاد رہے کہ صہیونی ٹی وی چینل 12 کے فوجی نمائندے نیر دفوری نے بار کے حوالے سے کہا کہ ہم کبھی بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ ایک طرف اسرائیل مخالف کارروائیوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی رہے اور دوسری طرف غزہ کے باشندوں کی صورتحال بھی بہتر ہو جائے۔