سچ خبریں:شام کے صوبےلاذقیہ کی بندرگاہ پر صیہونی جنگی طیاروں کے حملے کے بعداس ملک کے فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔
صہیونی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام کی اہم بندرگاہ لاذقیہ پر حملہ کیا،رپورٹ کے مطابق صہیونی لڑاکا طیاروں نے رواں ماہ دوسری مرتبہ شام کی بندرگاہ لاذقیہ پر حملہ کیاہے، صہیونی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لاذقیہ کے خلاف فضائی حملوں کے نتیجے میں خوفناک دھماکے اور زبردست آگ لگ گئی۔
شام کی سانا نیوز ایجنسی نے شامی فوجی عہدہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کی صبح تقریباً 3 بجکر 21 منٹ پر لاذقیہ بندرگاہ کے کنٹینر ایریا پر متعدد راکٹ گرے جس سے کچھ حصہ میں آگ لگ گئی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ حملوں سے املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
شامی فوجی عہدہ دار نے کہا کہ حملے بحیرہ روم سے کیے گئے جن کی وجہ سے لگنے والی آگ بجھانے اور نقصان کا اندازہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں،سانا کے مطابق اس فضائی حملے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے،تاہم شامی دفاعی نظام کو متحرک کردیا گیا ہے،درایں اثنا شام کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہاکہ اسرائیلی فضائی حملوں سے بھاری مادی نقصان ہوا اور نتائج کا ابھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن الاخباریہ نے فضائی حملے سے متاثرہ علاقوں کی تصاویر نشر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بندرگاہ کے قریب رہائشی عمارتوں، ایک اسپتال، دکانوں اور کچھ سیاحتی مقامات کو نقصان پہنچا ہے، ایمبولینسز اور فائر برگیڈ کا عملہ علاقے میں موجود ہیں۔